عسکری اداروں کو پولیٹیسائز کرنے کی بجائے پشت پر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے: سبطین خان

پاک فوج جلد ٹاپ تھری طاقتور ممالک کی فہرست میں شامل ہوگی , پاک فوج کی صلاحیتوں کا اعتراف دنیا کی مجبوری بن چکا :وزیر جنگلات

عسکری اداروں کو پولیٹیسائز کرنے کی بجائے پشت پر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے: سبطین خان

لاہور :صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے عالمی رینکنگ میں پاک فوج کی پوزیشن بہتر ہونے پر عسکری اداروں اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا عسکری محاذ پر ٹاپ ٹین طاقتور ممالک میں شامل ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب پاک فوج عالمی رینکنگ میں ٹاپ تھری پوزیشن پر فائز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی صلاحیتوں کو دنیا بھی ماننے پر مجبور ہے۔ پاک فوج کی مہارات اور صلاحیتوں کا اعتراف کرنا دنیا کی مجبوری بن چکا ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ عالمی رینکنگ میں پاکستانی فوج کی ترقی سے دشمن کا حوصلہ پست ہوا ہے۔

پاکستان کے محافظ اداروں نے کم وسائل کے باوجود بہترین پیشہ ورانہ خدمات انجام دے کر اپنا لوہا منوایا ہے جس سے یقیناً دشمن کی نیندیں حرام ہوئی ہوں گی۔ انہوں نے کہا عسکری قوت نے ثابت کیا ہے کہ اس میں کسی بھی چیلنج سے عہدہ برآء ہونے کی صلاحیت موجود ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کا مقام بڑھنے سے پاکستانی قوم کا سر فخر سے مزید بلند ہوا ہے۔ پاک فوج کی برائے راست 5 درجے ترقی پر سیاسی و عسکری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے اس امر کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ عسکری اداروں کو متنازعہ بنانے یا پولیٹیسائز کرنے کی بجائے سیاسی اداروں کو ان کی پشت پر کھڑے ہونا چاہئے۔