پنجاب حکومت نے وسائل کا سارا رُخ عوامی بہبود کی جانب موڑ رکھا ہے اور صوبے بھر میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے بے شمار منصوبے زیر عمل ہیں: راجہ راشد حفیظ

ہمارے دور میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں پہلی مرتبہ فنڈز کا سو فیصد شفاف استعمال ہو رہا ہے: صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم

 پنجاب حکومت نے وسائل کا سارا رُخ عوامی بہبود کی جانب موڑ رکھا ہے اور صوبے بھر میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے بے شمار منصوبے زیر عمل ہیں: راجہ راشد حفیظ

لاہور: صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا سارا رُخ عوامی بہبود کی جانب موڑ رکھا ہے اور صوبے بھر میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے بے شمار منصوبے زیر عمل ہیں۔صوبائی وزیرنے کہا کہ میں نے اپنے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت الیکشن کروا کے حکومت پنجاب صوبے کے عوام کو صحیح معنوں میں شریک اقتدار کر رہی ہے۔کرپشن کو ختم کرکے تعمیر وطن کی نئی بنیادیں رکھنے میں مصروف حکومت کے راستے میں اپوزیشن اور ان کے حواری بے شمار روڑے اٹکانے میں مصروف ہیں جن میں مصنوعی مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کو سپورٹ کرنا بھی شامل ہے مگر ہم ان مشکلات سے گھبرانے والے نہیں۔

انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے حلقہ پی پی 16 میں منعقدہ ہفتہ وار کھلی کچہری میں عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حلقے کے عوام کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے علاقے کے اجتماعی و انفرادی مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ راجہ راشد حفیظ نے موقع پر ہی بذریعہ فون ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں پہلی مرتبہ فنڈز کا سو فیصد شفاف استعمال ہو رہا ہے۔ کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جس نے تعمیر و ترقی کی راہیں مسدود کئے رکھیں مگر ہماری حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ کام کیا ہے جس کی وجہ سے تمام کرپٹ عناصر ایک جگہ جمع ہو کر حکومت کے خلاف ناکام مہمات چلا رہے ہیں۔

یہ وہی کرپٹ عناصر ہیں جو ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور ایک دوسرے کو سڑکوں پرگھسیٹنے کے دعوے کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ وہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے میں ہر گز نہ آئیں۔دریں اثناء صوبائی وزیر نے اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کئے اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائیں۔پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے یو سی سطح کے راہنماؤں اور معززین نے بھی صوبائی وزیر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر راجہ راشد حفیظ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔