بابر حیات تارڈ کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ اجلاس

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ریونیو اتھارٹی راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر آپریشنز، فیلڈ ڈی ڈی ایم سیزاور مختلف اضلاع سے ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی

بابر حیات تارڈ کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ اجلاس

لاہور: سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب / ریلیف کمشنر بابر حیات تارڈ کی زیر صدارت مون سون میں بارشوں سے جمع ہونے والے پانی کے بروقت نکاس اور ممکنہ سیلاب سے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ اجلاس آج پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب ریونیو اتھارٹی راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر آپریشنز، فیلڈ ڈی ڈی ایم سیزاور مختلف اضلاع سے ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔  ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کو اپنے متعلقہ ڈویژنز میں بارشی پانی کے نکاس اور سیلاب  سے نمٹنے کے لیے اب تک کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف اضلاع میں ندی نالوں کی صفائی اوردریاؤں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے واسا سمیت تمام متعلقہ محکموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

ایس ایم بی آر نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شہروں میں بارشی پانی کے بروقت نکاس، دریائی تجاوزات کے خاتمے کی سرگرمیوں اور بالخصوص نالوں کی صفائی اور آبی فضلات کی تلفی کے تمام اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ کمشنر صاحبان بذات خود فیلڈ میں جا کر اقدامات کا جائزہ لیں تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سے قبل ریلیف کمشنر نے تمام ڈویژنل کمشنرز سے فرداً فرداً بریفنگ کے دوران درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے لائحہ عمل بھی تجویز کیا۔