ٹی ڈی سی پی 25 جون سے ”آن لائن لائیو ٹریننگ پروگرام“ کا آغاز کرے گی

ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور گرافک ڈیزائننگ کے کورسز شامل، 250 امیدواروں نے رجسٹریشن کرالی مشیر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر6 ہفتے پر مشتمل کورسز شروع کر رہے ہیں، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی

ٹی ڈی سی پی 25 جون سے ”آن لائن لائیو ٹریننگ پروگرام“ کا آغاز کرے گی

لاہور:  کورونا سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹی ڈی سی پی انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (ITHM) لاہور کیمپس 25 جون  2020 سے ”آن لائن لائیو ٹریننگ پروگرام“ کا آغاز کر رہا ہے۔ جس کا مقصد نوجوانوں کو گھر بیٹھے ایسی سہولیات مہیا کرنا ہے کہ وہ ٹریننگ کے بعد خود با عزت روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاحت آصف محمود کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق 6 ہفتے کے دورانیے کے مختلف کورسز شروع کئے جا رہے ہیں۔

ان میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور گرافک ڈیزائننگ کے کورسز شامل ہیں۔ ان کورسز سے پنجاب میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ٹورازم کارپوریشن تنویر جبار نے بتایا کہ ٹی ڈی سی پی ویب پورٹل کے ذریعے پورے پاکستان میں اس پروگرام کو متعارف کرایا گیا اور ابتدائی مرحلے میں ملک کے مختلف علاقوں سے 250 سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان میں کسی پبلک سیکٹر ادارے کی طرف سے شروع کیا جانے والا پہلا  ”آن لائن لائیو ٹریننگ پروگرام“ہے جس کیلئے ٹی ڈی سی پی نے آن لائن کلاس روم سیٹ اپ کا اہتمام کیا ہے۔