صرف ویکسین سے ہی کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ ممکن نہیں، عالمی ادارۂ صحت

صرف ویکسین سے ہی کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ ممکن نہیں، عالمی ادارۂ صحت

جینیوا: (عالمین ویب ڈیسک)  عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنہ ہے کہ صرف ویکسین سے کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کو نہیں روکا جا سکتا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیدروس ادھانوم غیبریسس نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ویکسین وبا کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات میں معاون ضرور ہوگی تاہم اسے احتیاطی تدابیر کا متبادل قرار نہیں دیا جاسکتا۔ صرف کسی ویکسین سے وبا کا خاتمہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز عالمی ادارۂ صحت نے پوری دنیا میں 6 لاکھ 60 ہزار 905 کیسز ریکارڈ کیے جو کہ جمعے کو آنے والے تقریباً ساڑھے چھ لاکھ کیسز سے زائد یومیہ تعداد ہے۔ اس سے قبل 7 نومبر کو ایک دن میں  6 لاکھ 14 ہزار کیس ریکارڈ ہوئے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ویکسین آنے کے باجود وائرس کے پھیلاؤ کے راستے کھلے رہیں گے۔ ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا اور کورونا وائرس  کے ٹیسٹ، ٹریسنگ اور متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والوں کی آئسولیشن کے طریقہ کار کو جاری رکھنا ہوگا۔ واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 13 لاکھ سے ذائد اموات ہوچکی ہیں۔