افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن نہ صرف طالبان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، وزیراعظم عمران خان اور تاجک صدر امام علی رحمانوف طالبان اور تاجکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تاجکستان کے صدر کو دنیا بھر میں تاجک احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، نئی افغان حکومت میں تاجکوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ہفتہ کو افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تاجکستان کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران دونوں دھڑوں کو قریب لانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ طالبان سے مذاکرات کا اعلان تاریخی اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے لئے ان گروپوں کو حکومت میں شامل کرنا آسان نہیں جو ان کے ساتھ کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے ان دونوں دھڑوں کو ساتھ ملانا ضروری ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ خطے میں امن اور سلامتی کے لئے سماجی و اقتصادی بحالی اہم عنصر ہے، تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم عمران خان نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے