ایشیائی بینک کے اشتراک سے شہری سہولتوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی زیرصدارت اجلاس، منصوبے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا پی آئی ایس آئی آئی پی کو مزید 7 شہروں میں متعارف کرائیں گے، ڈاکٹر احمد جاوید قاضی

ایشیائی بینک کے اشتراک سے شہری سہولتوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ

لاہور:محکمہ بلدیات پنجاب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے شہری سہولتوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ پراجیکٹ (پی آئی ایس آئی آئی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ اس وقت ساہیوال اور سیالکوٹ میں ماڈل پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت پارکس، سالڈ ویسٹ، سڑکوں، نکاسی آب، سیوریج، ٹریفک اور واٹر فلٹریشن کی سہولتوں میں بہتری لائی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی ایس آئی آئی پی کو اگلے مرحلے میں بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، چنیوٹ، سرگودھا، ڈی جی خان سمیت مزید 7 شہروں میں متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کے استحکام کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پی آئی ایس آئی آئی پی جیسے منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔