میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس، فش مارکیٹ چائنا سکیم منتقل کر نے کا اصولی فیصلہ

چائنا سکیم کے علاقے میں ماڈرن فش مارکیٹ بنائی جائے گی، کاروبار کی جدید سہولتیں دیں گے، ماڈرن فش مارکیٹ کا فنانشل ماڈل اور فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کرنے کی ہدایت: صوبائی وزیر

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس، فش مارکیٹ چائنا سکیم منتقل کر نے کا اصولی فیصلہ

لاہور:صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں گنجان آباد علاقے سے فش مارکیٹ کی منتقلی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔فش مارکیٹ چائنا سکیم کے علاقے میں شفٹ کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چائنا سکیم کے علاقے میں ماڈرن فش مارکیٹ بنائی جائے گی اور نئی مچھلی منڈی میں کاروبار کی جدید سہولتیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فش مارکیٹ کی منتقلی کے عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ماڈرن فش مارکیٹ کا فنانشل ماڈل اور جامع فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کر نے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نئی مچھلی منڈی میں چلر سسٹم لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت،ڈی جی ماحولیات،لائیو سٹاک اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مچھلی منڈی لاہور کے صدر مبارک علی، جنرل سیکرٹری رائے اختراوردیگر عہدیداران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔