انجیر کے حیرت انگیز فوائد

انجیر کے حیرت انگیز فوائد

قدرت نے انسانوں کو بے شمار نعمتیں عطا کی ہیں جن میں سے پھل، سبزیاں، میوہ جات وغیرہ شامل ہیں،ان میوہ جات میں ایک انجیر بھی شامل ہے اور انجیر جنت کا پھل بھی کہلاتا ہے۔ انجیر کمزور اور دبلے لوگوں کے لیے قدرت کی نعمت ہے۔ ا نجیر جسم کوپر کشش اور چہرے کو سفید و سرخ رنگت عطا کرنے کے ساتھ ساتھ دلکش بھی بناتی ہے۔ انجیر کا شمار عام اور مشہور پھلوں میں ہوتا ہے۔ انجیر کو بنگالی میں آنجیر، انگلش میں فِگ، عربی میں تین، یمنی میں بلس، سنسکرت، ہندی، مرہٹی اور گجراتی میں انجیر اور پنجابی میں ہنجیر کہتے ہیں۔

یہ نازک پھل کہلاتا ہے اور پکنے کے بعد خود بخود ہی گرجاتا ہے اور اسے دوسرے دن تک محفوظ رکھنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس کے استعمال کی بہترین صورت اسے خشک کھانا ہے۔ انجیر کے اندر پروٹین، معدنی اجزاء شکر، کیلشیم، فاسفورس پائے جاتے ہیں۔ دونوں انجیر یعنی خشک اور تر میں وٹامن اے اور سی کثیر مقدار میں ہوتے ہیں جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں ہوتے ہیں۔ ان اجزاء کے پیش نظر انجیر ایک انتہائی مفید غذائی دوا کی حیثیت اختیار کر جاتی ہے۔ اس لیے عام کمزوری اور بخار میں بھی اس کا استعمال اچھے نتائج دیتا ہے۔