متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان کا دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا دورہ

 متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان کا دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا دورہ

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک):متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النیہان نے دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ منگل کو پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یو اے ای میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے ان کا استقبال کیا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے ابوظہبی میں دہشت گردانہ حملے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا اور میت کی وطن واپسی اور زخمی ہونے والے دو پاکستانیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شیخ عبداللہ بن زید النیہان نے دہشت گردی کے گھناؤنے حملوں کے تناظر میں حکومت پاکستان کی طرف سے حمایت اور یکجہتی کے اظہار کو سراہا۔ انہوں نے دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان ایکسپو ٹیم کی تعریف کی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر افضال محمود نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا اور حوثیوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

پاکستانی سفیر نے حملے کا نشانہ بننے والے پاکستانی شہری کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی امداد پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان ایکسپو ٹیم کو بھرپور تعاون فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔