شاہ محمود قریشی کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام میں ساتھ دینے کی دعوت

 شاہ محمود قریشی کی تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام میں ساتھ دینے کی دعوت

اسلام آباد۔ :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کو حقیقت بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منشور میں جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے الگ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں آئینی ترمیم پر اتحاد ضروری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کے طور پر، میں اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس کو حقیقت بنانے میں ہمارا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے، ہماری توجہ جنوبی پنجاب کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جانب مرکوز ہے۔ ایک ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ماتحت جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ انہی کاوشوں کا مظہر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی آسانی، سہولت اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی ترقیاتی رابطہ کمیٹیاں قائم کی جا چکی ہیں ۔

بحیثیت جماعت ہم جنوبی پنجاب کو ایک الگ صوبے کے طور پر تسلیم کرانے کے لیے مسلسل کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہم نے جنوبی پنجاب اور رِنگ فینسنگ کے لیے 35 فی صد سے زیادہ ترقیاتی بجٹ کے ساتھ، علیحدہ ، نوکریاں اور انتظامی ڈھانچہ قائم کیا ہے تاکہ دوبارہ اس رقم کی مالی تخصیص کو روکا جا سکے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں تمام اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جنوبی پنجاب کے عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل کیلئے آگے بڑھیں ۔ہمیں مل کر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے آئینی ترمیم کی منظوری پر اتفاق رائے کو یقینی بنانا چاہیے۔