ہم سب رشتوں، چاہتوں اور محبتوں کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں: احسن خان

ہم سب کی ڈور اُوپر والے کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہم سب کا رب ہے، وہ جسے چاہتا ہے کامیابی عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے: ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں کے مقبول ہیرو

ہم سب رشتوں، چاہتوں اور محبتوں کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں: احسن خان

ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں کے مقبول ہیرو احسن خان نے کہا ہے کہ محبت کی ڈور کبھی ٹوٹنی نہیں چاہیے۔ ہم سب رشتوں، چاہتوں اور محبتوں کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں۔اداکار احسن خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا نیا ڈراما ’بندھے اک ڈور سے‘ 25 جون سے شروع ہو رہا ہے، یہ ڈراما جیو پر ہر جمعرات کو ناظرین دیکھ سکیں گے، اداکار احسن خان نے بتایا کہ ہم سب کی ڈور اُوپر والے کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہم سب کا رب ہے، وہ جسے چاہتا ہے کامیابی عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے۔

ہمارے نئے ڈرامے کے پرومو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے، اس ڈرامے کو فائزہ افتخار نے لکھا ہےجبکہ اس کی ڈائریکشن علی فیضان نے دی ہےاور سیونتھ اسکائی کے عبداللہ کادوانی پروڈیوسر ہیں۔ ٹی وی ڈرامے اُڈاری، الف اور شاہ رخ کی سالیاں میں عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے اداکار احسن خان نے بتایا کہ ڈرامے میں میرا کردار ایک ایسے نوجوان کا ہےجو اپنے خاندان کو کسی بھی صورت متحد رکھنا چاہتا ہے اور ساتھ ہی میری اور آشنا شاہ کی رومانس سے بھری کہانی بھی ناظرین کے دل جیت لے گی۔

ہم دونوں کی اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا جائے گا۔ دوسری جانب ڈرامے کی ہیروئن آشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں گھرانوں کی میٹھی میٹھی اور دل میں اُتر جانے والی باتوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ یہ ایک پاکستانی کنبے کی کہانی ہے، جس میں فائزہ افتخار کے قلم کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔ ڈرامے کے دیگر کاسٹ میں حنا الطاف، ثمینہ احمد، نواز حسن، مدیحہ رضوی اور قوی خان شامل ہیں۔