سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اسلام آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں مختلف سیاسی و باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال

 سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

لاہور: سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف سیاسی و باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تعلیم،صحت اور زراعت کے شعبوں میں خصوصی توجہ حکومتی ترجیحات کی عکاس ہے،وفاقی حکومت معاشی پالیسیوں میں بہتری کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور وفاق نے مشکلات کے باوجود ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس میں عام آدمی کی سہولت کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنا اور معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اپنی گفتگو میں سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے بیرون ملک مقیم وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو جلد ازجلد یہاں لانے کے لئے وزیر خارجہ کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے گندم خریداری مہم اور پنجاب میں گزشتہ10برسوں کے مقابلے میں گندم کی ریکارڈ خرید پر بھی بات چیت کی اور وفاقی وزیر کو محکمہ خوراک نے نئی پالیسیوں کی تشکیل کے حوالے سے اہم امور سے آگاہ کیا۔ سینئر وز یر عبدالعلیم خان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا اور عام آدمی کی مشکلات میں کمی کے لئے کسی کاوش سے دریغ نہیں کریں گے۔