خصوصی اقتصادی زونزسے معاشی ترقی کی رفتار تیز اور  لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا: میاں اسلم اقبال

بزنس پارک میں  مجموعی طور پر 250 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور روزگار کے 5لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے

خصوصی اقتصادی زونزسے معاشی ترقی کی رفتار تیز اور  لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا: میاں اسلم اقبال

لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں چئیرمین پیڈمک نبیل ہاشمی نے صنعتی مراکز کے ترقیاتی امور اور قائد اعظم بزنس پارک کے بزنس پلان بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونزسے معاشی ترقی کی رفتار تیز اور  لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں، صنعتی مراکز میں سرمایہ کاروں کو بجلی کے کنکشن کے حصول میں کوئی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔  میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتی زونز میں بجلی کی فراہمی کے لئے انرجی ڈیپارٹمنٹ بھی متحرک ہو کر کام کر ے۔

شیخوپورہ میں موٹر وے کے نزدیک قائداعظم بزنس پارک کا جلد افتتاح ہوگا۔ بزنس پارک میں  مجموعی طور پر 250 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور روزگار کے 5لاکھ نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر صعنت و تجارت نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ صنعتی مراکز میں ٹیک انڈسٹری کو فروغ دینے کا جائزہ لیا جائے اور آئی ٹی انڈسٹری کوفروغ دینے کے لئے آئندہ دو ھفتوں میں جامع پلان پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کوانفارمیشن ٹیکنالوجی کی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی پارک بنانے کا جائزہ لیا جائے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کاعلم رکھنے والے بچے اور بچیوں کو کاروبار کے لئے سہولتیں دیں گے۔ پنجاب حکومت کرونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی اور نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے 25ارب کاپروگرام شروع کر رہی ہے۔ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈمک، محکمہ صنعت و تجارت اور پیڈمک کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔