صوبائی وزیراعجاز عالم آگسٹین کی عالمی یوم ابلاغیات کانفرنس میں خصوصی شرکت 

کانفرنس کا انعقادویو سٹوڈیو،رابطہ منزل لاہور میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی صدارت میں کیا گیا کانفرنس میں پاکستان کی نامور شخصیات،صحافی،اساتذہ،نوجوان اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی

صوبائی وزیراعجاز عالم آگسٹین کی عالمی یوم ابلاغیات کانفرنس میں خصوصی شرکت 

لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی 54ویں عالمی یوم ابلاغیات کانفرنس عنوان: امن کی کہانیوں کو فروغ دیں: میںخصوصی شرکت ۔کانفرنس کا انعقادویو سٹوڈیو،رابطہ منزل،9اے وارث روڈ،لاہور میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی صدارت میں کیا گیا تھا جبکہ کانفرنس میں پاکستان کی نامور شخصیات،صحافی،اساتذہ،نوجوان اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا مقصد تمام پاکستانیوں کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغا م دینا ہے تاکہ امن کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ کانفرنس کا مجموعی مقصد مذہبی اقلیتوں کو اپنی عبادات وغیرہ کی آزادی اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی توجہ مبذو ل کرانا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ کانفرنس کا مقصد وطن عزیز میں امن کی ضرورت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جبکہ اخلاقیات اور انسانی حقوق ہر مذہب کا لازمی جزو ہیں اور آج کی کانفرنس اتحاد و ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے تما م اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے مختلف ورکنگ گروپ تشکیل دیئے ہیں تاکہ صوبہ بھر میں مذہب یا عقیدے کی آزادی کو درپیش مسائل کا یقینی حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ معاشرے میں عدم برداشت کے کلچر کو ختم کرنے کےلئے ایسے پروگرامزکا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور نئے پاکستان میں عمران خان کی زیر قیادت تمام ادارے ایک نئی جدت کے ساتھ آگے بڑھنے کےلئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا آج کی نوجوان نسل کو ضرورت ہے کہ وہ عدم برداشت کے کلچر کو ختم کرنے کےلئے نمایاں کردار ادا کریں اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے محض تعلیم پر زور نہ دیں بلکہ اخلاقیات و محبت کے درس کو سمجھیں جسکی تعلیم 1400سال پہلے ہی عام ہو گئی تھی اور جن قوموں نے اس تعلیم پر عمل کیا بلا شبہ آج انکا شمارترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے اور امید ہے کہ ہماری نوجوان نسل بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کے ذریعے اپنا کلید ی کردار نبھائے گی۔

کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب کے دوران پاپائے اعظم فرانسس کے خصوصی پیغام پر زور دیتے ہوئے تعلیم کے ذریعے امن و محبت کو فروغ دینے پر زور دیا اور تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے منعقدہ کانفرنس کی تعریف کی۔کانفرنس کے دیگر شرکاءمیں ڈائریکٹر ریڈیو ویریتاس ایشیاءاردو سروس فادر قیصر فیروز، چیئرمین کل مسالک علماءبورڈمولانا عاصم مخدوم،ویوری ریورنڈ شاہد معراج وغیرہ شامل تھے۔