ڈریپ کی ڈاکٹروں کو طبی نسخے میں کیمیائی نام لکھنے کی ہدایت

ڈریپ کی ڈاکٹروں کو طبی نسخے میں کیمیائی نام لکھنے کی ہدایت

اسلام آباد :ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)نےڈاکٹروں کو طبی نسخے میں کیمیائی نام لکھنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ڈریپ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹر اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ دوائیوں کے برانڈ کے ناموں کے بجائے کیمیائی نام تجویز کریں۔

محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں شہریوں نے سرکاری اور نجی شعبے میں ڈاکٹروں کی جانب سے کمپنی سے اثر انداز ہوکر دوائیوں کے برانڈ پر مبنی نسخوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘اس طرز عمل سے ملک کے معاشی بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے اور مہنگے برانڈز کی وجہ سے مریضوں پر مالی بوجھ بھی پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا اقدام میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کے ضابطہ اخلاق کے بھی خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر کیمائی ناموں پر مشتمل نسخوں کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات کریں اور مریضوں اور ملک کے مفاد میں برانڈ کے نام کے نسخے کے عمل کی حوصلہ شکنی کریں۔ واضح رہے کہ ایک ہی فارمولے کی دوائیں اصل قیمت سے 10 گنا زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں