مسافروں کو رخصت اور استقبال کیلیے ائرپورٹ آنیوالوں پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ

مسافروں کو رخصت اور استقبال کیلیے ائرپورٹ آنیوالوں پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ

لاہور: وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے رات گئے لاہور ائر پورٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جا رہا ہے، مسافروں کے عزیز و اقارب ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے ائرپورٹ پر مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے جاری ہدایات پر عمل کا جائزہ  لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے چیک پوسٹ پر تیسری لائن شروع کر دی گئی ہے، جس سے  مصروف اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاروں میں کمی آئے گی۔

لاہور ائر پورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنجز کا رات 10سے صبح 5 بجے تک انٹرنیشنل لاؤنجز کے طور پر استعمال شروع کردیا گیا ہے، جس سے  بین الاقوامی پروازوں کے لیے رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔  علاوہ ازیں ائر پورٹ آنے پرایک مسافر ایک فرد کی پابندی کو ختم کیا جارہا ہے ۔ اب مسافروں کے عزیز اقارب ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ تک جا سکیں گے۔ ائر پورٹ کے کنکورس ہال میں اضافی نشستیں لگا دی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ مسافروں کی آمدورفت کے لیے عرصہ دراز سے بند برقی سیڑھیوں کو فی الفور چلایا جائے۔  انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔