زندگی میں مرد کی ضرورت نہیں، مشہور بھارتی اداکارہ نے خود سےشادی رچا لی

 زندگی میں مرد کی ضرورت نہیں، مشہور بھارتی اداکارہ نے خود سےشادی رچا لی

ممبئی: بھارتی ٹی وی ڈراموں کی ناموراداکارہ کنشکا سونی نے خود سے ہی شادی کرلی جس کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسٹار پلس کے مشہور ڈراموں ’پوترا رشتہ‘ اور ’دیا اور باتی ہم‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ کنشکا سونی نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے خود سے شادی کرلی ہے۔

کنشکا سونی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں ’منگل سوترا اور سندور‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ’ میری زندگی کے تمام خواب پورے ہو گئے ہیں اور میں نے اس شخص نے شادی کر لی ہے جسے میں سب سے زیادہ پسند کرتی ہوں یعنی میں خود، یہ تمام سوالوں کا جواب ہے کہ اب مجھے کسی مرد کی ضرورت نہیں ہے‘۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اکیلی بہت خوش ہیں تاہم بھارتی سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اداکارہ نے ایک ویڈیو پیغام میں خود سےشادی رچانے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنی مرضی اور ہوش و حواس میں خود سے شادی کی ہے اورخود سے شادی کا فیصلہ میں نے دل و دماغ سے کیا ہے‘۔

یاد رہے کہ اداکارہ کنشکا ان دنوں امریکہ میں موجود ہیں اور وہ بھارتی انڈسٹری کے بعد اب ہالی ووڈ میں اپنا کیرئیر بنانے کیلئے پر اُمید ہیں۔