وہیل چیئرز، سلائی مشینیں، آلات سماعت کی تقسیم کے بڑے پروگرام کا اعلان

 وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماڈل پناہ گاہوں کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، سید یاور عباس بخاری

وہیل چیئرز، سلائی مشینیں، آلات سماعت کی تقسیم کے بڑے پروگرام کا اعلان

لاہور:صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے مستحق افراد میں مفت وہیل چیئرز، سلائی مشینیں، آلات سماعت کی تقسیم اور بے آسرا بچیوں کی شادیوں کے ایک بڑا پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس پروگرام سے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے وزیراعظم پاکستان کا ویژن آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وہ آج 90 شاہراہ قائداعظم پر معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور صوبائی امین بیت المال ملک محمد اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے ثانیہ کامران بھی موجود تھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مستحق اور معذور افراد کی ووکیشنل ٹریننگ کے لئے تربیتی اداروں کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔

معیاری فنی تعلیم کے لئے ایک ڈویژن کو سینٹر آف ایکسیلنس بنا کر مستحق نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنایا جائے گا۔ صوبائی امین بیت المال ملک محمد اعظم اور صوبائی وزیر نے کہا کہ پناہ گاہوں کا قیام ایک ایسا فلاحی منصوبہ ہے جس سے کم آمدنی والے مسافر افراد کو کھلی چھت تلے سونے کی بجائے ایک آبرومندانہ ٹھکانہ میسر آیا ہے۔ پناہ گاہوں میں مہمان افراد کو دو وقت کی روٹی بھی باعزت طریقے سے فراہم کی جاتی ہے۔ اب تک پناہ گاہوں میں 5 لاکھ افراد مہمان بن چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماڈل پناہ گاہوں کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ سید یاور عباس بخاری نے صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ بھیس بدل کر کسی رات پناہ گاہ کا مہمان بنیں اور پھر اپنی تجاویز سے محکمہ سوشل ویلفیئر کو آگاہ کریں۔

صوبائی امین بیت المال ملک محمد اعظم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے پنجاب بھر میں اضلاع کی سطح پر 5 ہزار وہیل چیئرز اور 5 ہزار سلائی مشینیں مرحلہ وار تقسیم کی جائیں گی۔ ہر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بھی وہیل چیئرز فراہم کی جائیں گی۔ آلات سماعت کی تقسیم کے کام کا بھی جلد آغاز ہوگا اور اس کے لئے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ممتاز صنعتی ادارے وائٹل گروپ کے اشتراک سے مستحق بچیوں کی شادیوں کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہر سال 100 اجتماعی شادیاں ہونگی اور 30 جنوری کو گورنر ہاؤس میں اس سلسلے کا پہلا پروگرام ہوگا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ سردار صادق سنجرانی ہونگے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر سرپرستی فلاحی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور پہلی بار رائیونڈ اسٹیٹ کی بجائے تمام علاقوں میں یکساں طور پر اہداف کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ سوشل ویلفیئر ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔