خصوصی اقتصادی زونز پر کام کا آغاز کرکے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی:میاں اسلم اقبال

موٹر وے کے نزدیک 1536ایکڑ پر بننے والاقائداعظم بزنس پارک صنعتی ترقی کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے منصوبے سے 5 لاکھ سے زائد افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے:  صوبائی وزیر صنعت و تجارت

خصوصی اقتصادی زونز پر کام کا آغاز کرکے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی:میاں اسلم اقبال

لاہور : خصوصی اقتصادی زونز پر کام کا آغاز کرکے صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، موٹر وے کے نزدیک 1536ایکڑ پر بننے والاقائداعظم بزنس پارک صنعتی ترقی کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔ آج یہاں جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ منصوبے سے 5 لاکھ سے زائد افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک میں 653صنعتی یونٹس لگنے سے علاقے میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روز گار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔صنعتکاری کو فروغ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کی منزل پائیں گے۔صوبے میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر 13سپیشل اکنامک زونز بنائے جارہے ہیں۔سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کاانڈسٹریل انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتی یونٹس لگانے پر10سال کے لئے ٹیکس اور پہلی بار مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی کی چھوٹ ہے۔

قائداعظم بزنس پارک میں 250ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔یہاں صنعتکاروں کی آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت موجود ہے۔ کثیر المقاصد انڈسٹریل کمپلیکس، ایمرجنسی سروسز اور فیکٹری آوٹ لیٹس کی سہولت بھی ہوگی۔ قائداعظم بزنس پارک میں ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔