سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد کی ملاقات، ہڑتال ختم

 فلور ملز72گھنٹے کی بجائے7دن کی گندم رکھ سکتی ہیں، جائز تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی

سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد کی ملاقات، ہڑتال ختم

 لاہور: سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد نے ملاقات کر کے اپنے تحفظات دور ہونے کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔سینٹرل چیئرمین عاصم رضا اور صوبائی صدر عبدالرؤف مختار کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے طے پایا کہ عید الفطر تک آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا اور ضلعی انتظامیہ بھی فلور ملز پر چھاپے نہیں مارے گی جبکہ محکمہ خوراک کو ان ملوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ فلور ملوں کو 72گھنٹے کی بجائے7دن کی گندم ذخیرہ کرنے کی اجازت دے رہے ہیں لیکن فلور ملز اپنے سٹاک ڈکلئیر کریں گی۔

انہوں نے اجلاس کے دوران ہی چیف سیکرٹری پنجاب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں نئی ہدایات ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح تک پہنچانے کے لئے کہا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ گندم کی خرید اور فلور ملز کے معاملات کے لئے نیا میکنزم تشکیل دینا چاہتے ہیں جس کے لئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لئے عید کے فوری بعد محکمہ خوراک اور فلورملز کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو گا۔

سینئر وزیر نے واضح کیا کہ حکومت کا کام خام مال کی خرید نہیں بلکہ فلور ملز کو ریگولیٹ کرنے اور سہولت بہم پہنچانے کا ہونا چاہیے۔ا نہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم کی خرید پر بھاری رقم خرچ کرتی ہے جبکہ اسے ذخیرہ کرنے اور دوبارہ فلور ملوں تک پہنچانے کے عمل پر بھی بھاری اخراجات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم اور باردانے کی خرید کے لئے نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی تجاویز مرتب کریں جن کی روشنی میں اگلا روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔

اجلاس میں طے پایا کہ عید کے بعد صوبہ کے پی کے کی فلور ملز کو گندم کی فراہمی بھی شروع کر دی جائے گی البتہ گندم کی خرید کے پی کے کا محکمہ خوراک پنجاب حکومت کے تعاون سے کرے گا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا،صوبائی صدر عبدالرؤف مختار،میاں ندیم نثار، افتخار مٹو اور خرم شہزاد نے مختلف اضلاع میں فلور ملوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیاجبکہ لیاقت علی خان،میاں ریاض، حافظ احمد، فرخ شہزاد اور میاں نسیم نے بھی اپنی گفتگو میں بتایا کہ سرگودھا، ملتان، گجرات اور قصور کے اضلاع میں صورتحال زیادہ سنگین ہوئی جہاں فلور ملوں کے پاس پسائی کے لئے گندم موجود نہیں۔ایسوسی ایشن کے وفد نے اپنے مطالبات بغور سننے اور اُن کے فوری حل پر سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آئندہ بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔