چیف سیکرٹری پنجاب سے صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کی ملاقات

 صوبے میں گر جا گھروں کے ذریعے مذہبی سیاحت کے فروغ پر کام جاری ہے، وزیر اقلیتی امور

چیف سیکرٹری پنجاب سے صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کی ملاقات

لاہور:  چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک سے صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے  کیمپ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری بھی موجود تھے۔  صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی اور کورونا وائرس کے علاج کی سہولتوں کی فراہمی پر اقلیتی برادری کی جانب سے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اقلیتی برادری کورونا وائرس سے متعلق جاری ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گر جا گھروں کے ذریعے مذہبی سیاحت کے فروغ پر کام جاری ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی وزیر کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔کامران لاشاری نے صوبائی وزیراورچیف سیکرٹری کو والڈ سٹی کے تحت صوبے میں تاریخی مقامات کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے بریفنگ دی۔