پی ٹی آئی MPA شاہین رضا کا کورونا سے انتقال

میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر ا سد اسلم نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی کی ایم پی اے شاہین رضا میؤ اسپتال میں انتقال کر گئی ہیں

پی ٹی آئی MPA شاہین رضا کا کورونا سے انتقال

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رکنِ پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) شاہین رضا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد لاہور کے میؤ اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر ا سد اسلم نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی کی ایم پی اے شاہین رضا میؤ اسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔ ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق شاہین رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ گزشتہ 3 روز سے میؤ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔

شاہین رضا کو 17 مئی کو طبیعت خراب ہونے پر ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے بعد میں انہیں لاہور ریفر کر دیا گیا تھا۔ گوجرانوالہ کے ڈی سی آفس کے مطابق مرحومہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔  شاہین رضا خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں، ان کی عمر 60 برس تھی۔ میؤ اسپتال لاہور کے سی ای او ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق بیگم شاہین رضا بلڈ پریشر اور شوگر کی بھی مریضہ تھیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں کسی رکن اسمبلی کے انتقال کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں کئی رکنِ اسمبلی اور سیاستداں کورونا وائرس کی وباء کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔