عوام کا تحفظ عزیز، عمران خان کی پالیسیاں دورس نتائج کی حامل ہیں سینئر وزیر عبدالعلیم خان

سینئر وزیر سے ممبر قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی و سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کی ملاقات  سوچ بچار کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔سینئر وزیر کی گفتگو

عوام کا تحفظ عزیز، عمران خان کی پالیسیاں دورس نتائج کی حامل ہیں سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 لاہور:  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیاں وقتی مفادات کی بجائے دو رس نتائج کی حامل ہیں،انہیں عوام کے جان و مال کا تحفظ عزیز ہے اسی لیے حکومت نے انتہائی سوچ بچار کے بعد اقدامات اٹھائے ہیں جس کے انشاء اللہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے ممبر قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی اور سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ترقی یافتہ اقوام بھی کورونا وائرس کے سامنے بے بس ہیں اور دنیا بھر کو غیر معمولی حالات کا سامناہے لیکن پاکستان میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں صورتحال مختلف ہے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کے روزمرہ کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعظم عمران خان کو دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کا مفاد زیادہ عزیز ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کے علاوہ شہریوں کو بھی موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے دی گئی نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کے تحفظ کا باعث بنیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ صورتحال میں مالی دباؤ کا سامنا ہے اور اس مشکل سے نکلنے کے لئے یقینا وقت درکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مشکل معاشی حالات میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ دیگر ایسے اقدامات بھی اٹھائے ہیں جس سے شہریوں کو ریلیف مل سکے۔عبدالعلیم خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان حالات سے جلد نجات عطا فرمائے اور تمام شہری پہلے جیسی معمول کی زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے حافظ آباد سے رکن قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات میں صوبے میں جاری گندم کی خریداری مہم اور محکمہ خوراک کے مختلف امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پرحافظ آباد سے ممبر قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی نے مختلف سیاسی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنے علاقے میں بعض ترقیاتی کاموں کی نشاندہی سمیت مختلف معاملات پر بات چیت کی۔