وزیرِ اعظم عمران خان نے دانشمندانہ فیصلوں سے ملک کو خطرے سے نکالا: فیاض الحسن چوہان

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دنیا کے لیے کرونا کے دوران پاکستانی عوام سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب

وزیرِ اعظم عمران خان نے دانشمندانہ فیصلوں سے ملک کو خطرے سے نکالا: فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کی صدارت اور خطاب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر وزیرِ اعظم پاکستان کو پذیرائی ملنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان ورلڈ کمیونٹی سے پاکستان میں موجودہ کرونا صورتحال اور حکومتی ریلیف اقدامات پر بات کریں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے ایک گزشتہ وزیرِ اعظم کو ورلڈ اکنامک فورم پر بات کرنے سے روک دیا گیا تھا لیکن آج وزیرِ اعظم عمران خان کی کرونا ریلیف پالیسیز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی عوام نے کرونا کے خلاف شاندار کامیابیاں سمیٹی ہیں جس کا اعتراف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق دنیا کے لیے کرونا سے لڑائی کے دوران پاکستانی عوام سے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ بہترین لیڈر نہ صرف حکومت بلکہ عوام کی تربیت بھی کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے مشکل حالات میں مشکل اور دانشمندانہ فیصلوں سے عوام کو خطرے سے نکالا۔