وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب لی کی چیانگ کو مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پر مبارکباد ، ٹیلی فونک گفتگو میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ، دوطرفہ تعلقات، کورونا ویکسین کی فراہمی میں تعاون پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب لی کی چیانگ کو مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پر مبارکباد ، ٹیلی فونک گفتگو میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ، دوطرفہ تعلقات، کورونا ویکسین کی فراہمی میں تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ، دوطرفہ تعلقات اور کورونا ویکسین کی فراہمی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے چینی ہم منصب اور قیادت کو مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پر مبارکباد پیش کی جس نے چین کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے زور دے کر کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران اجتماعی اور انتھک کوششوں سے پاکستان اور چین نے اپنے تعلقات کو سدابہار تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کردیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اس نے معاشی سرگرمیوں کو تیز اور روزگارکے مواقع پیدا کئے ہیں اور اس سے دوطرفہ اور علاقائی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سال 2021 ء ایک خاص موقع ہے کیونکہ یہ پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی70 ویں سالگرہ کا سال ہے جسے دونوں فریق بھرپورانداز میں منائیں گے۔

وزیر اعظم نےاس موقع پر چینی وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کووڈ۔ 19 سے نبردآزما ہونے میں پاک چین تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کورونا ویکسین کی فراہمی میں چین کی پاکستان کو جاری معاونت پر دل کی گہرائیوں سے تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں ویکسین تیار کرنے کی سہولت کے قیام کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کو مدد فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا جو کووڈ۔ 19 کے مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو مزید مستحکم کرے گا۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک تعاون کو مزید متنوع اور گہرا کرنے کے لئے اعلی سطح کے تبادلے کی رفتار کو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں راہنمائوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا