گورنر پنجاب کا صوبہ کے 14اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے 521نئے منصوبوں کا اعلان

گورنر پنجاب کا صوبہ کے 14اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے 521نئے منصوبوں کا اعلان

لاہور :گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب کے 14اضلاع میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پینے کے صاف پانی کے 521نئے منصوبوں کا اعلان کر دیا، جنوبی پنجاب سمیت دیگر اضلاع میں ان منصوبوں پر 1229ملین روپے لاگت آئے گی،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ پورا کر یں گے،

چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اور چیف ایگز یکٹو زاہد پرویز کو بہتر ین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کر تاہوں۔ جمعرات کے روز یہاں گور نر ہائوس لاہور میں چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل اورچیف ایگز یکٹو زاہد پرویز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ڈی جی خان ،لیہ ،راجن پور ،مظفر گڑھ،شیخوپورہ ،قصور اوراٹک سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے

اور ان تمام منصوبوں میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنائیں گے، کسی کو ایک روپے کی بھی کر پشن کر نے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کے معاملے پر پنجاب آب پاک اتھارٹی اور پنجاب کی بیورو کر یسی ایک پیج پر ہیں اور آب پاک اتھارٹی کے تمام منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کر نے کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل تر ین فیصلوں کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور آج پاکستان معاشی میدان میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اس لیے ملکی ترقی کو” ریورس گیئر“لگانیوالوں کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، حکومت ہر شعبے میں عوام کے ایک ایک پیسے کا تحفظ کر رہی ہے

۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آب پاک اتھارٹی کام کر ررہی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پہلی بار کوئی حکومت عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی کام کر رہی ہے، عمران خان کا مشن صرف اور صرف عوامی مفادات کا تحفظ ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا