سنتالیسویں کامن کے زیر تربیت اے ایس پیز کے 6رکنی وفد کی آئی جی پنجاب سے ملاقات

سنتالیسویں کامن کے زیر تربیت اے ایس پیز کے 6رکنی وفد کی آئی جی پنجاب سے ملاقات

آئی جی پنجاب کی زیر تربیت افسران کو سخت محنت، ہائی پروفیشنلزم اورجدیدپولیسنگ کو شعار بنانے کی ہدایات

اوپن ڈور پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے شہریوں سے خوش اخلاقی اور نرم رویے کا مظاہرہ پولیس امیج میں بہتری کا ضامن ہے۔ آئی جی پنجاب

لاہور20مئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن و امان اور رٹ آف اسٹیٹ کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اورانکے مسائل کا بلاتاخیر ازالہ پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے چنانچہ تمام سپر وائزری افسران اپنی محکمانہ ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرتے ہوئے نہ صرف مظلوم و مستحق شہریوں کے دست و بازو بنیں بلکہ ماتحت سٹاف سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لے کر عوام تک انصاف کی باآسانی فراہمی میں ہر ممکن کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا نوجوان افسران جدید ٹیکنالوجی، ہائی پروفیشنلزم اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنا تے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کیرئیر کے آغاز میں مشکل جگہوں پر پوسٹنگ کو ترجیح دیتے ہوئے یہ سوچ کر فیلڈ میں جائیں کہ ہمیں کچھ پتا نہیں کیونکہ یہی سوچ آپ کو سکھاتی اور آگے بڑھاتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ماتحت اہلکاروں سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لینابھی سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے چنانچہ فور س کے ساتھ نرم گفتاری، شائستگی اور بہتر رویہ اپناتے ہوئے انہیں ہر ممکن اعتماد دیا جائے تاکہ وہ عوام کی خدمت اور جرائم کے خاتمے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خود کو مصروف عمل رکھیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ دفاتر میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی اور نرم رویے سے پیش آیا جائے اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے خلوص نیت کے ساتھ کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج47کامن کے چھ رکنی وفد میں شامل زیر تربیت اے ایس پیز سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں۔ وفد میں وفاق کی جانب سے پنجاب میں بھجوائے گئے چھ زیر تربیت افسران شامل تھے۔

آئی جی پنجاب نے زیر تربیت اے ایس پیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سروس ایک مقدس پیشہ ہے جس میں مظلوم شہریوں کی خدمت کرکے دنیا و آخرت سنواری جا سکتی ہے چنانچہ تمام افسران اپنی جاب کو اپنا لائف سٹائل بنائیں اور اپنی قابلیت اور فرض شناسی سے خود کو صیحح معنوں میں عوام کا محافظ ثابت کریں۔نوجوان افسران نے آئی جی پنجاب کے ویژن اور پالیسی گائیڈ لائن پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی خدمت، سہولت اور تحفظ کیلئے اپنی صلاحیتوں کے بہترین استعمال کے ساتھ ساتھ دستیاب وسائل سے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ عوامی خدمت اور حفاظت کی جو اہم ذمہ داری انہی سونپی گئی ہے اسے وہ مکمل ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شہزادہ سلطان اور ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اختر سکھیرا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔