الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف 25 ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان اسمبلی کو ان کی نشستوں سے برطرف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف ارکان کے خلاف فیصلہ سامنے آگیا، الیکشن کمیشن  نے منحرف ہونے والے پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی نشستوں سے برطرف کردیا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے تین رکن بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا جس نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر فیصلہ سنایا۔

ڈی سیٹ اراکین میں  عظمیٰ کاردار، نذیر چوہان، راجہ صغیر، محمد امین ذوالقرنین، عائشہ نواز، عیلم خان، سعید اکبر، ملک نعمان لنگڑیال، ملک غلام رسول، اسد علی، اعجاز مسیح، فیصل حیات، اجمل چیمہ، محسن عطا، میاں خالد، مہر اسلم، نذیر احمد خان، فدا حسین، طاہر، سبطین رضا، سلمان ، ذوار حسین، زہرا بتول، ہارون عمران، ساجدہ یوسف شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس پر تحریک انصاف نے اپنے ارکان کے خلاف ریفرنس اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس جمع کرایا تھا۔ یہ ریفرنس آرٹیکل 63 اے کے تحت جمع کروایا گیا تھا۔