حکومت پنجاب مہنگائی پر کنٹرول کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے: صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

پیداروار میں اضافے کے ذریعے طلب اور رسد کے فرق کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: میاں خالد محمود

حکومت پنجاب مہنگائی پر کنٹرول کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے: صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

لاہور:صوبائی وزیر برائے پروونشیل مینجمنٹ اتھارٹی میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب کے تمام اضلاع میں سہولت بازاروں کے قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے۔معیاری اشیائے خورد و نوش کی مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر دستیابی عام آدمی کی مشکلات میں کمی کا باعث بنے گی۔ ضلعی انتظامیہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں گے۔ دکانداراپنی دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں کریں گے۔ عوام سہولت بازاروں سے خریداری کر کے گرانفروشوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ضرورت سے زیادہ منافع کمانے والوں کی نشاندہی کر کے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے آج شیخوپورہ میں سہولت بازارکے دورہ کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر نے سہولت بازار میں موجود خریداروں اور میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ سہولت بازاروں کے نرخ نامے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مقرر کیے گئے ہیں۔سرکاری نرخوں پر فروخت سے کسی کا نقصان نہیں ہو گا۔ گرانفروشی میں کمی سے عوام کی قوت خرید میں بہتری آئے گی۔ منڈیوں میں اشیاء خوردو نوش کی طلب اور رسد میں فرق کو ختم کرنے کے لیے پیداوار میں بہتری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں عمدہ بیجوں کے حصول کے لیے جدید تحقیق اور موسمی تغیرات سے قبل از وقت آگاہی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ زمینداروں، کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب مہنگائی کے مسئلہ پر فوری طور پر کنٹرول کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایات پر بھی فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ بہت جلد اس مسئلہ پر قابو پا لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے شیخوپورہ سہولت بازار میں اشیائے خورد و نوش کے معیار کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں کو تاکید کی کہ وہ سہولت بازار میں غیرمعیاری اشیاء کی فروخت سے پرہیز کریں۔خریداروں کی تعداد میں اضافہ خود ان کے لیے بھی منفعت بخش ہو گا۔