پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کا دوسرا شو بھی پہلے کی طرح فلاپ ہو گیا: فیاض الحسن چوہان

میری گزشتہ کئی ماہ کی پیشن گوئیوں کے مطابق میم لیگ جتنا کھل کر کھیل رہی ہے، نون لیگ، شین لیگ اور پی ڈی ایم کی چھتری تلے بنے اپنے سیاسی اتحاد کا اتنا ہی ستیاناس کر رہی ہے: وزیر اطلاعات پنجاب

 پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کا دوسرا شو بھی پہلے کی طرح فلاپ ہو گیا: فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کراچی جلسے اور مزار قائد کی افسوسناک بے حرمتی کے حوالے سے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاسی لکی ایرانی سرکس کا دوسرا شو بھی پہلے کی طرح فلاپ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ میری گزشتہ کئی ماہ کی پیشن گوئیوں کے مطابق میم لیگ جتنا کھل کر کھیل رہی ہے، نون لیگ، شین لیگ اور پی ڈی ایم کی چھتری تلے بنے اپنے سیاسی اتحاد کا اتنا ہی ستیاناس کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جس عمر میں زرداری اور شریف خاندان کے سپوت قومی خزانے سے لوٹے گئے اربوں روپے اڑا رہے تھے، 15 اکتوبر کو اسی عمر میں وزیرستان میں پاک فوج کے کپتان عمر فاروق نے اپنی جان اس ملک کے لیے قربان کر دی۔ اس دلخراش واقعے کے ٹھیک ایک دن بعد 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم نے گوجرانوالہ میں مودی سرکار، راء اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے قوم کو مایوس کیا۔ ایک طرف پاک فوج قوم کے تحفظ اور آرام و سکون کی خاطر قربانیاں دے رہی ہے اور دوسری طرف سلطان مفرور الدین ارطغرل ملک دشمن طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی فوج پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے فوج اور ملک مخالف بیانیے کے باعث مکس اچار پارٹی میں دراڑ پڑی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بیگم صفدر اعوان اپنے پاگل، سر پھرے اور ڈھائی ہزار ریال پر فائز شوہر کے ہمراہ مزار قائد پر نمازیں بخشوانے گئیں تھیں، روزے بھی فرض کروا آئیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے اپنا، اپنے والد اور تمام خاندان کا نام شاید ''ووٹ'' رکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار، بھارتی راء اور اسٹیبلشمنٹ کا جھنڈا اٹھانے والوں کو مزار قائد پر جا کر تقریر کی بجائے انتہائی عاجزی، انکساری اور خشوع و خضوع کے ساتھ معافی مانگنی چاہیئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک حرکت پر کیپٹن صفدر اعوان کو گرفتار کرنے پر سندھ پولیس مبارکباد کی مستحق ہے۔

نواز شریف کی ملک دشمن تقاریر نشر کرنے کے نکتے پر اپوزیشن کا یہ غیر سیاسی اتحاد پارہ پارہ ہو چکا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ حکومتوں کی ہاتھوں کی لگائی اپنے دانتوں سے کھول رہے ہیں۔ کرونا کے خلاف جدوجہد سے لے کر اب تک وزیراعظم عمران خان کی انتھک جدوجہد اور بے لوث قیادت کے باعث پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت بھی پاک فوج اور پاکستان کی عوام کے مضبوط رشتے کو ختم نہیں کر سکتی۔ پاکستان میں اس وقت قائم اندرونی و بیرونی امن و سکون، مذہبی آزادی و ہم آہنگی، اور ترقی و خوشحالی کے پیچھے بھی وردی ہے۔