شرح سود پر4فیصد کمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

قرضوں کی واپسی کا موخر ہونا وزیر اعظم کی بڑی کامیابی ہے، ہر شعبے میں بہتری سامنے آئے گی  سٹیٹ بینک کے اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں کو تحفظ ملا، مقامی تاجروں کے وفد سے گفتگو

شرح سود پر4فیصد کمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں:سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 لاہور: پنجاب کے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ حالات کے تناظر میں معیشت کی بہتری کے لئے کئی ایک اقدامات اٹھائے گئے ہیں بالخصوص شرح سود پر 4فیصد کمی سے ملکی معیشت پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور سٹیٹ بینک کے اقدامات سے بھی کاروباری سرگرمیوں کو تحفظ ملا ہے۔

آج یہاں وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے لئے آنے والے مقامی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ قرضوں کی واپسی موخر ہونا وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی ہے،اس ریلیف سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو تسلیم کیا ہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت نے موجودہ مشکل صورتحال کے باوجود کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کے لئے سہولتیں دی ہیں انہیں کم شرح سود پر قرضوں کی پیشکش کی جا رہی ہے اور تنخواہوں و دیگر اخراجات کے لئے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے وہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں اور انشاء اللہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کے بعد معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔عبدالعلیم خان نے کاروباری طبقے سے اپیل کی کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں اور ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے کے لئے آگے آئے۔

انہوں نے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قائد عمران خان کی طرف سے کیے گئے اعتماد پر پورا اتریں گے اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔