لاہور پریس کلب اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے مابین معاہدہ

ممبران ثریا عظیم ہسپتال میں 25 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے

لاہور پریس کلب اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے مابین معاہدہ

جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر اور خزانچی زاہد شیروانی نے معززمہمان کا کلب میں استقبال کیا ، اس موقع پر ممبران گورننگ با ڈی محمد محی الدین، حسن تیمور جکھڑ، جماعت اسلامی کے عبدالعزیز عابد، اے ڈی کاشف سمیت سینئر صحافی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر الخدمت فاﺅنڈیشن کی جانب سے ذکر اللہ مجاہد اور پریس کلب کے سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جس کے مطابق پریس کلب کے ممبران آﺅٹ ڈور چیک اپ ، آپریشن ، پرائیویٹ روم چارجز، گائنی، ایکسرے اور الٹراساﺅنڈ پر 25 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے جبکہ مستحق ممبران 50 فیصد اور مفت علاج کی بھی سہولت حاصل کر سکیں گے۔اس موقع پر الخدمت فاﺅنڈیشن کی جانب سے لاہور پریس کلب میں اینٹی کرونا وائرس سپرے بھی کیا گیا اور ذکر اللہ مجاہد نے اعلان کیا کہ لاہور پریس کلب کے ممبران کے گھروں میں بھی سپرے کیا جائے گا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کرونا وائرس کی وباءکے دوران اب تک ساڑھے سات کروڑ روپے خدمت خلق پر خرچ کر چکی ہے جس میں 25 ہزار سے زائد خاندانوں میں راشن، لاکھوں افراد میں کھانا اور ایک لاکھ سے زائد ماسک و سینیٹائزر تقسیم کئے جا چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صحافی عوام کی آواز ہوتے ہیں اور عوامی مسائل حکام بالا تک پہنچاتے ہیں 

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن منظم انداز میں کرونا وائرس کی وباءکے دوران اپنی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر پریس کلب کے سینئر نائب صدر رائے حسنین طاہر نے معزز مہمان کی کلب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح الخدمت فاﺅنڈیشن شفاف انداز میں فلاحی کام کر رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔