متعارف کردہ آن لائن سسٹم کی بدولت ابتدائی طور پر پرائمری سطح پر اساتذہ کی بہترین تربیت و ٹریننگ میں مدد حاصل ہو گی: ڈاکٹر مراد راس

اساتذہ کی تربیت کے لئے متعارف کرائے جانے والا یہ پروگرام پنجاب حکومت سکول ایجوکیشن کی نیو ڈیل 2018-2023 کا اہم جُز ہے۔لانچنگ تقریب میں مزید ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ڈائریکٹر جنرل قائد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قائد و دیگر شریک تھے:صوبائی وزیر تعلیم پنجاب

 متعارف کردہ آن لائن سسٹم کی بدولت ابتدائی طور پر پرائمری سطح پر اساتذہ کی بہترین تربیت و ٹریننگ میں مدد حاصل ہو گی: ڈاکٹر مراد راس

لاہور :صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ ہیڈکوارٹرز وحدت روڈ لاہور پر واقع ڈیجیٹل پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ متعارف کردہ آن لائن سسٹم کی بدولت ابتدائی طور پر پرائمری سطح پر اساتذہ کی بہترین تربیت و ٹریننگ میں مدد حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا بھرپور اور جامع استعمال شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مسائل کا دیرپا اور کارآمد حل فراہم کرتا ہے اور ہم پہلے دن سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائیز کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کے لئے متعارف کرائے جانے والا یہ پروگرام پنجاب حکومت سکول ایجوکیشن کی نیو ڈیل 2018-2023 کا اہم جُز ہے۔لانچنگ تقریب میں مزید ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ڈائریکٹر جنرل قائد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قائد و دیگر شریک تھے۔

       صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کاکہنا تھا کہ اس پروگرام کو Innovative Teacher Support Package(ITSP) کا نام دیا گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد معیاری تعلیم کی فراہمی اور ٹریننگ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مد نظر رکھتے ہوئے اساتذہ کی سہولت کے لیے آن لائن ویب سائٹ اور انڈرائیڈ ایپ (Android App) تیار کی گئی ہے۔ ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ اس پروگرام میں کٗل گیارہ یونٹ ہیں جو کہ کلاس روم ابزرویشن ٹول سے متعلقہ ہیں اور پنجاب بھر کے تین ہزار تین سو اے۔ای۔اوز (AEOs)کو اس پروگرام پر مکمل ٹریننگ دی جا چکی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے انعقاد سے سرکاری پرائمری سکولوں کے 1لاکھ 93ہزار اساتذہ اور 6.7 ملین طلباء مستفید ہوں گے۔ اس پروگرام کی خصوصیت یہ ہے کہ ناصرف سرکاری بلکہ نجی سکول بھی تشکیل کردہ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکشن سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں پنجاب کابینہ کی جانب سے پنجاب بھر کے لئے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دی گئی ہے۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور بہت جلد اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب نے بتایا کہ سنگل نیشنل کریکولم کے تحت حکومت کی جانب سے ایک مکمل فریم ورک تیار کیا گیا ہے اور پنجاب بھر کے تمام سکول اسی فریم ورک کے مطابق نصاب پڑھا سکیں گے۔ کسی بھی سکول کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ حکومت کے تشکیل کردہ فریم ورک سے ہٹ کر نصاب پڑھا سکے۔

آخر میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، یہ صرف چوری بچاو مہم پر ہیں۔ پی ڈی ایم کے لاہور میں ہونے والے ناکام جلسے کے بعد اپوزیشن کے حوصلے مٹی میں مل چکے۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی قائم کردہ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے سربراہان کو اچھی طرح یہ سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کے غیور عوام یہ سمجھ چکے ہیں کہ اپوزیشن کی تحریک خالصتاً چوری بچانے کے لئے ہے نہ کہ عوامی مفاد میں۔