پاکستان میں نوجوانوں کو زور گار کی فراہمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے،عثمان ڈار

 پاکستان میں نوجوانوں کو زور گار کی فراہمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے،عثمان ڈار

اسلام آباد۔ :وزیراعظم کے معاون خصو صی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کو روز گار کی فراہمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور قلندرکے عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا،انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنا اور گرائونڈ میں لاناہے تاکہ ٹیلنٹ ہنٹ میں سامنے آنے والے کھلاڑی ملک کا نام روشن کریں، انہوں نے لاہور قلندر کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش دیتے ہوئے کہا کہ لاہورقلندر کے عاطف رانا ہمارے ساتھ موجود ہیں اور جس طرح لاہور قلندر نے پاکستان میں کرکٹ کی خدمت کی ہے اس پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 12 کھیل شامل ہیں اورٹیلنٹ ہنٹ کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمارا مقصد ملک میں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام فرنچائز بہترین کام کر رہی ہیں اورملکی نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں انہیں رہنمائی کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو زور گار کی فراہمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے، انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سپورٹس صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور کھیلوں کی بہتری کے لئے وفاق اپنی ذمہ داری بھی پوری کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے سے زندگی میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے اورپچھلے تین سالوں میں پنجاب میں ریکارڈ کھیلوں کے گرائونڈز بنائے گئے اورکرکٹ کی بہتری کے لئے لاہور قلندر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،لاہور قلندر کی صورت میں نوجوانوں کو کھیل کے مواقع میسر ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کو معیشت کا درجہ دیں گے کھیلوں سے روز گار فراہم ہوگا۔

اس موقع پر عاطف رانا نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ہم کروڑوں لوگوں کی امید بنیں گے، وزیراعظم عمران خان کا وژن نوجوانوں کی فلاح و بہبود کرنا ہے،ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے پاکستان کے تمام شہروں میں جائیں گے۔نیت اچھی ہو تو اللہ تعالی کامیابیاں ضرور دیتا ہے لاہور قلندر کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے،عاطف رانا نے کہا کہ اسلام آباد میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پروگرام تھا لیکن کوروناوائرس آگیا،پاکستان میں 12 سے زائد ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی سابق پاکستانی کھلاڑیوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ ختم ہو چکاہے،لاہور قلندرز نے ہمیشہ یہی سوچا کہ جب بھی جیتیں گے تسلسل کے ساتھ جیتیں گے،شاہین شاہ آفریدی سے امیدیں ہیں کہ اس بار لاہور قلندرز کو فتح حاصل ہوگی،دعا کریں کہ پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے باعث بند نہ ہو۔