کراچی میں اسپتال سے نومولود اغوا؛ خاتون اغوا کار نے خود کو ’ڈاکٹر‘ ظاہر کیا

کراچی میں اسپتال سے نومولود اغوا؛ خاتون اغوا کار نے خود کو ’ڈاکٹر‘ ظاہر کیا

کراچی: گلبرگ کے نجی اسپتال سے نومولود کے اغوا میں ملوث دو بہنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ 

 17 اپریل کو کراچی کے علاقے گلبرگ کے نجی اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا کا معاملہ سامنے آیا تھا، ورثا کے مطابق سفید کوٹ میں ملبوس ایک خاتون بچے کو وارڈ منتقلی کا کہہ کر لے گئی تھی، تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس نے بچے کے اغوا میں ملوث دو بہنوں کو بلدیہ ٹاؤن سے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمہ حمیرا نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کا بچہ اغوا ہوگیا ہے، پولیس نے کارروائی کا غاز کیا اور مدعی کی نشاندہی پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو معاملہ جھوٹا نکلا، ملزمہ کی بہن کنول مغوی بچے کو گلبرگ لے جاچکی تھی، اور درحقیقت دونوں بہنوں کے پاس وہی بچہ تھا جو گلبرگ کے نجی اسپتال سے اغوا کیا گیا تھا۔

تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزمہ کنول نے گلبرگ کے علاقے میں ایک کچرا چننے والے کو بچہ دیا اور اسے بچہ پولیس کے حوالے کرنے کے لیے کہا، بچہ فوری طور پر برآمد نہیں ہوسکا، کچرا چننے والے کی تلاش جاری ہے، جب کہ دونوں ملزمہ بہنوں کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔