ماہرہ خان لاپتہ دعا زہرہ کی گھر واپسی کے لیے دعا گو

ماہرہ خان لاپتہ دعا زہرہ کی گھر واپسی کے لیے دعا گو

کراچی: اداکارہ ماہرہ خان کراچی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ کی جلد واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔

ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر دعا زہرہ کی جلد سے جلد گھر واپسی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ’’دعا زہرہ کے لیے دل سے دعا کرتی ہوں، وہ آج صحیح سلامت اپنے گھر آجائے آمین‘‘۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے الفلاح گولڈن ٹاؤن سے 16 اپریل کو مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکی ہے۔ دعا زہرہ گھر سے کچرا باہر پھینکنے نکلی تھی جس کو مبینہ طور پر دہلیز سے اغوا کرلیا گیا تھا۔

دعا اغوا کیس میں حالیہ ہونے والی پیش رفت کے مطابق اس کیس کے تھانے دار کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔ جب کہ پولیس نے اعتراف کیا کہ دعا زہرہ کے نام سے منسوب ویڈیو ان کی غلطی تھی، جس میں ایک گاڑی میں ایک لڑکی جارہی تھی جس پر پولیس نے اس لڑکی کو دعا قرار دیا۔

تاہم پولیس کے مطابق اب پتہ لگ گیا ہے وہ لڑکی دعا نہیں بلکہ ثوبیہ ہے۔ دعا زہرہ کے والد نے سی سی ٹی وی میں لڑکی کو پہچاننے سے انکار کردیا تھا۔