جنگلات کا فروغ اور تحفظ اولین ترجیحات ہیں: سیکرٹری جنگلات

سرسبز پاکستان ویثرن کے تحت ماڈل جنگلات بنائے جا رہے ہیں: کیپٹن آصف

جنگلات کا فروغ اور تحفظ اولین ترجیحات ہیں: سیکرٹری جنگلات

لاہور:سیکرٹری جنگلات پنجاب کیپٹن (ر) محمد آصف نے محکمہ جنگلات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں جنگلات اور شجرکاری سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں نئی فاریسٹ پالیسی کے نکات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور بعض نکات کے فوری نفاذ بارے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری جنگلات نے کہا کہ جنگلات کے فروغ اور تحفظ کیلئے محکمہ جنگلات عملی اقدامات کر رہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر میں غیر قانونی شکار اور درختوں کی کٹائی روکنے کیلئے منظم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں لکڑی چوری اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر نافذ سزاؤں میں مزید سختی کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کابینہ اجلاس میں فاریسٹ پالیسی کی منظوری کے بعد جنگلات کے تحفظ اور نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کی ٹیموں اور دیگر عملے کو مانیٹرنگ کے نیٹ ورک میں وسعت لاتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات دیں اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کرنے کیلئے جنگلات کے فروغ ور شجرکاری پر توجہ دینے اور ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ کیپٹن (ر)محمد آصف نے کہا کہ جنگلات کی بحالی کی مربوط پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور بحالی حکومت ترجیحات کا حصہ ہیں۔ سیکرٹری جنگلات نے بلین ٹری سونامی پروگرام کا ہدف 2023 تک مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شجرکاری تیز ترین مراحل میں مکمل کرنے کیلئے مربوط وموثر حکمت عملی پر کام کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہرا بھرا پنجاب کے ویثرن کے تحت پنجاب کے جنگلات کو ماڈل جنگلات بنایا جا رہا ہے جس پر مرحلہ وار عملدرآمد بھی جاری ہے۔