بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ،جہانگیر اشرف وینس

ڈیمو کریٹک پارٹی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کئے گئے اضافے کو مسترد کرتی ہے

 بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے ،جہانگیر اشرف وینس

لاہور: ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے تبدیلی سرکار کی جانب سے بجلی کی قیمت میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے پیٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمت میں اضافہ کرکے عوام دُشمنی کا ثبوت دیا ہے، ڈیمو کریٹک پارٹی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میںاضافے کو مسترد کرتی ہے۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے لوڈ شیڈنگ کا عذاب تو ختم نہ ہو سکا البتہ ہر پندرہ بیس دن بعد غریب عوام کو بجلی کا جھٹکا ضروردیاجاتا ہے جس سے بالواسطہ اور بلا واسطہ مہنگائی کا اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے جس کی تندو تیز اور ظالم لہروں میں بے بس اور مجبور غریب عوام خس وخاشاک کی طرح بہتے جا رہے ہیں۔

ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور غلط حکمت عملی کے باعث ہونے والے خسارے کو عوام کا خون نچوڑ کر پورا کرتے ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور آئے دن کی مہنگائی نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے،مہنگائی، بے روز گاری، رشوت ستانی اور جرائم کی شرح میں اضافہ اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے غریب عوام کا جینا پہلے ہی دوبھر کر رکھا ہے ایسے میں ان کے زخموں پر مرحم رکھنے اور ان کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کی بجائے آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ عمل مسلسل جاری ہے جوکہ غریب عوام پر انتہائی ظلم ہے،بجلی کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا ہے، فوری طور پر اضافہ واپس لیا جا ئے، غریب عوام کے درد اور مسائل کو سمجھنے والا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنیوالا کوئی نہیں۔