میاں اسلم اقبال کی پی پی 170کے علاقے گوجر کالونی آمد،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی آپریشن کاجائزہ لیا

صوبائی وزیر کی علاقے کے عوام کو صفائی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نعروں نہیں، عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اڑھائی سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت

میاں اسلم اقبال کی پی پی 170کے علاقے گوجر کالونی آمد،لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی آپریشن کاجائزہ لیا

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے صوبائی حلقے 170کے علاقے گوجر کالونی کادورہ کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت جاری صفائی آپریشن کاجائیزہ لیا اور لوگوں کے مسائل سنے ممبرپنجاب اسمبلی چوہدری امین، پی ٹی آئی راہنما عون چوہدری،ڈی ایم ڈی، ایل ڈبلیوایم سی اور جی ایم آپریشنز بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے علاقے کے عوام کو صفائی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کاحل اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔پاکستان تحریک انصاف نعروں نہیں عملی اقدامات پریقین رکھتی ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے اڑھائی سالوں میں عوامی فلاح کے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے، ہم عوامی خدمت کے ریکارڈ بنارہے ہیں۔ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پرکی گئی لوٹ مار کو عوام ابھی بھولے نہیں، پنجاب میں ایک شعبدہ باز نے ذاتی تشہیر کے لئے نمائشی منصوبوں پر وسائل ضائع کئے۔سابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور ناقص معاشی پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار دو خاندانوں نے قوم کی لوٹی ہوئی دولت سے بیرون ملک محلات کھڑے کئے اور اب اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے اور این آر او کے حصول کے لئے احتجاج کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔

عمران خان کے ہوتے ہوئے کرپٹ ٹولے کو این آر او ملے گا اور نہ ہی لوٹی ہوئی دولت بچے گی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کرپشن کے خلاف جنگ جتیں گے۔عوام کا سیاسی بے روزگاروں کی منفی اور انتشار کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں،مفاد پرست ٹولے کو ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اپنی سیاست ڈوبتی نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں تبدیلی اور معاشی ترقی کی منزل پائیں گے، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ علاقے میں گرلز کالج اور مدر اینڈ چائلڈکیئر ہسپتال کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کرونگااورعلاقے کے عوام کو درپیش تمام مسائل حل کریں گے۔