میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی اداروں کے سربراہان کا دوسرا اجلاس

لاہور کو عالمی معیار کے مطابق خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کی منظوری

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی اداروں کے سربراہان کا دوسرا اجلاس

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی اداروں کے سربراہان کا دوسرا اجلاس پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں لاہور کو عالمی معیار کے مطابق خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔پلان کے تحت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں، بابو صابو، گلشن راوی چوک اور دیگر چوراہوں کو بہتر بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے گرین بیلٹس کو بہتر کرنے، ان کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنانے اورشہر کی اہم شاہراہوں پر اعلی معیار کی لائٹس لگانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوصفائی آپریشن مزید تیز کر نے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے سگیاں پل سے منجانب بند روڑ خستہ حال سڑک کی بحالی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی سڑکوں پر  اعلی معیار کاپیچ ورک یقینی بنایا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر کے چوراہوں کی بہتری کا ایسا پلان بنایا جائے کہ یہاں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شہر کے چوراہوں، انڈرپاسز اور دیگر مقامات کی دیدہ زیب پھولوں اور پودوں سے تزئین وآرائش کی جائے گی۔ترقیاتی اداروں کو شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے منصوبوں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کر نا ہوگا۔ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے منصوبوں اور تخمینہ جات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مال روڈ پرغیر منظور شدہ 52 اشتہار بورڈ کے حوالے سے نوٹیسز جاری کردیئے گئے ہیں۔کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایچ اے،ایم ڈی ایل ڈبلیوایم سی اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔