بختاور بھٹو کی شادی کا باضابطہ اعلان ہوگیا

بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کے سلسلے میں 24جنوری کو محفل میلاد منعقد ہوگی، مہندی کی سادہ تقریب 27جنوری کو ہوگی: ترجمان بلاول ہاؤس  

بختاور بھٹو کی شادی کا باضابطہ اعلان ہوگیا

سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کا باضابطہ اعلان ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے کردیا گیا ہے۔ ترجمان بلاول ہاؤس  کے مطابق بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کے سلسلے میں 24جنوری کو محفل میلاد منعقد ہوگی، مہندی کی سادہ تقریب 27جنوری کو ہوگی۔ ترجمان کے مطابق چئیرمین بلاول بھٹو نے بہن کی شادی پر ایک ہفتے سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔ بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ ’بارات‘ کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔

 

ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق شادی میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، ملک کے اہم سیاسی رہنماوں، ملٹری ، سول اور جوڈیشل سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ بختاور بھٹو زرداری نے گزشتہ برس 27 نومبر کو پاکستانی نژاد دبئی کے کاروباری شخص محمود چوہدری سے منگنی کی تھی۔ منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی تھی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور انتہائی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔ اپنے خاندان میں چند دہائیوں بعد آنے والے خوشی کے پہلے موقع کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور بختاور بھٹو کے بھائی بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث شرکت نہیں کی تھی۔