بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں 11 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 16.31فیصداضافہ

بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں 11 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 16.31فیصداضافہ

اسلام آباد :ملک میں بجلی کی پیداوار کے شعبہ میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 16.31فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سرمایہ کاری بورڈاورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک میں بجلی کے پیداوارمیں شعبہ میں 856.1 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کے شعبہ میں 736 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔

مئی 2021 میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 43.3 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔پن بجلی کے شعبہ میں جاری مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 186.9 ملین ڈالررہا جوگزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 47.51 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پن بجلی کے شعبہ میں براہ راست سرمایہ کاری کاحجم 126.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا،تھرمل بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں 175.9 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس مد میں 64.4 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔کوئلہ سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 493.3 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 544.9 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا