صوبائی وزیر جنگلات کا جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام

آج شجرکاری کی حفاظت و پرورش کے عزم کا اعادہ کا دن ہے جنگلات انتہائی قیمتی قدرتی سرمایہ، تحفظ ناگزیر ہے:وزیر جنگلات سبطین خان

صوبائی وزیر جنگلات کا جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام

وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگلات اور درخت انتہائی قیمتی قدرتی سرمایہ ہیں جن کی کٹائی اور کمی گلوبل وارمنگ میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ موسمی تغریات سے نبٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات نہ کئے گئے تو آنے والے نسلوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کو ایک تحریک بنا رکھا ہے جس کے تحت شہر شہر شجرکاری کر کے گرین پاکستان ویژن کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ کلین گرین پاکستان اور بلین ٹری سونامی پروگرام اسی ویژن کا تسلسل ہیں۔ سبطین خان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے جنگلات کی حفاظت ناگزیر ہو چکی ہے۔ گرے سٹرکچر کے مقابلے میں گرین سٹرکچر کو تحفظ اور فروغ نہ دیا گیا تو عالمی حدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ آج جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ہر فرد کو شجرکاری کرنے اور اس کی حفاظت و پرورش کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب گذشتہ دو سالوں میں 17 کروڑ سے زائد پودوں کی شجرکاری کر چکا ہے جبکہ بلین ٹری سونامی پروگرام کے ہدف 47 کروڑ کی تکمیل کیلئے بھی متحرک ہے۔ اس ضمن میں مساجد، تعلیمی اداروں، دفاتر، ہسپتالوں، عدالتوں اور دیگر پبلک مقامات پر شجرکاری کے ٹارگٹ مقامی ایڈمنسٹریشن کو دے دئیے گئے ہیں۔ سبطین خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بارے آگاہی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے اور محکمہ جنگلات وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔