محکمہ کی استعداد کار بڑھانے اور سسٹم میں شفافیت لانے کیلئے آٹومیشن لا رہے ہیں :عنصر مجید

نیو انسپیکشن رجیم مزدوروں کا تحفظ اور صنتعکاروں کو کاروبار میں آسانی فراہم کرے گا، صوبائی وزیر لیبر

محکمہ کی استعداد کار بڑھانے اور سسٹم میں شفافیت لانے کیلئے آٹومیشن لا رہے ہیں :عنصر مجید

لاہور: آٹومیشن لانے سے محکمہ میں شفافیت کے ساتھ افسران کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی۔ نیو انسپیکشن رجیم مزدوروں کا تحفظ اور صنتعکاروں کو کاروبار میں آسانی فراہم کرے گا۔ محکمہ لیبر مزدوروں کے پیسے کا امین ہے۔ ورکرز اور ان اہل خانہ کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے جدید نظام متعارف کر وا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے نئے تعینات ہونے والے لیبر انسپکٹرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عنصر مجید خان نے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے محنت کی اور ہزاروں امیدواروں میں سے سلیکٹ ہو کر آئے ہیں۔

آپ پر اب کمزور طبقہ کے حقوق کی حفاظت کی بڑی ذمہ داری عائد ہے۔اللہ تعالیٰ نے مزدور کو اپنا دوست کہا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت مزدور دوست اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی محکمانہ ذمہ داریوں بہتر انداز میں سر انجام دینے کیلئے تمام افسران کو لیبر قوانین اور رولز سے آگاہی لازم ہے۔ انہوں نے لیبر انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں کام کرتے ہوئے دوستانہ ماحول قائم کریں۔ لیبر افسران کی ذمہ داری آجر اور اجیر کو رہنمائی اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔ پی ٹی آئی عدل و انصاف کا بول بالا کرنے آئی ہے۔

محکمہ کی استعداد کار بڑھانے اور سسٹم میں شفافیت لانے کیلئے آٹومیشن لا رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر احمد جاوید قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میرٹ کی پالیسی پر گامزن ہے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ایک شفاف طریقہ کار کے تحت لیبر انسپکٹرز کو منتخب کیا گیا ہے۔ حکومت اقربا پروری کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر انسپکٹرز کو قانون، رولز، ضابطوں پر عبور حاصل ہونا چاہئے تاکہ وہ آجر اور اجیر کی رہنمائی کر سکیں۔