ضلع رحیم یار خان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے 10ارب روپے کا میگا فنڈز فوری طور پر فراہم کیا گیا : وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار

جبکہ 3ارب روپے پینے کے صاف پانی کے لیے علیحدہ فراہم کیے گئے ہیں جن سے ترقیاتی کاموں کا جال بچھ جائے گا انہوں نے کہا کہ سٹی رحیم یار خان کے لیے 1ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے

 ضلع رحیم یار خان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے 10ارب روپے کا میگا فنڈز فوری طور پر فراہم کیا گیا : وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار

لاہور: وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے دورہ سٹی رحیم یار خان کے دوران ایم این اے ظفر اقبال وڑائچ کے گھر اراکین اسمبلی اور عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے 10ارب روپے کا میگا فنڈز فوری طور پر فراہم کیا گیا ہے جبکہ 3ارب روپے پینے کے صاف پانی کے لیے علیحدہ فراہم کیے گئے ہیں جن سے ترقیاتی کاموں کا جال بچھ جائے گا انہوں نے کہا کہ سٹی رحیم یار خان کے لیے 1ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے جس میں سٹی کی سڑکیں، سیوریج شامل ہیں اس کے علاوہ تھلی چوک سے اقبال آباد تک 80کروڑ روپے کی لاگت سے دو رویہ سڑک کی تعمیر اور بابا غریب شاہ سے یوسف آباد نیشنل ہائی وے براستہ امین گڑھ 93کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بنک کی طرف سے فراہم کردہ 70ارب روپے میں سے ضلع رحیم یار خان میں خصوصاً تحصیل لیاقت پور میں 2ارب روپے پینے کے صاف پانی کے لیے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ خان پور شہر میں سوا ارب روپے کے ترقیاتی کام دیئے گئے ہیں اس کے علاوہ صادق آباد سٹی اور ضلع بھر کے مضافاتی علاقوں میں 10ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کام ہونے سے ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہو گا انہوں نے ایم پی اے چوہدری محمد شفیق(چناب گروپ) کی رہائش گاہ پر عمائدین اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بیپکو کی تعمیر سے بجلی کے مسائل حل ہوں گے یہ جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا بجلی سپلائی کا منصوبہ ہو گا جو جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے تحفہ ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسانوں کو سب سے زیادہ ریلیف دیا ہے ۔

جس میں کھادوں اور بیج کی خریداری پر براہ راست سبسڈی کے لیے 34 لاکھ سے زائد کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے اس کے علاوہ بھی مہنگائی کے خاتمہ کے لئے انقلابی معاشی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا بعد ازاں وفاقی وزیر اقتصادی امور نے مولوی طارق چوہان مرحوم کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی وفات پر ان کے صاحبزدگان سے تعزیت کا اظہار کیا مختلف پروگراموں میں ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف راجہ محمد سلیم، ایم پی اے چوہدری محمد آصف، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف ظفر اقبال وڑائچ، چوہدری حسنین ظفر، سجاد وڑائچ، شمیل مرزا، شاہد طالب، چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق اور دیگر شریک تھے۔

قبل ازیں صادق شہید پولیس لائن رحیم یار خان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یا رخان اسد سرفراز نے وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار کا استقبال کیا وفاقی وزیر نے پولیس لائن میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا جبکہ انہوں نے پولیس لائن میں نئے تعمیر ہونے والے مختلف بلاکس کا بھی دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رحیم یار خان کو ہدایات دیں کہ پولیس صحیح معنوں میں عوام کی خادم کے طور پر اپنے فرائض مزید تندہی سے انجام دے انہوں نے ضلع رحیم یار خان پولیس کی جرائم کے خلاف کاروائیوں پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اپنا کام مزید بہتر کرنے کے لیے حکومت مزید وسائل فراہم کرے گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔