محکمہ سکول ایجوکیشن کو ڈیجیٹائزکیا جارہا ہے:مراد راس

گزشتہ ماہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سکول داخلہ مہم 2021 کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس مہم کا ہدف ایک سال کے دوران 10 لاکھ طلبا کو سکولوں میں واپس لانا ہے

محکمہ سکول ایجوکیشن کو ڈیجیٹائزکیا جارہا ہے:مراد راس

لاہور : صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس  میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ ماہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سکول داخلہ مہم 2021 کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس مہم کا ہدف ایک سال کے دوران 10 لاکھ طلبا کو سکولوں میں واپس لانا ہے۔ ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ سکول داخلہ مہم کے پہلے 45 دنوں میں 246000 بچے سکولوں میں واپس آ چکے ہیں۔ سکولوں میں واپس آنے والے تصدیق کے لئے بے فارم وصول کئے جا رہے ہیں اور گزشتہ چار ماہ کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے والدین کو بچوں کے بے فارم جمع کرانے کیلئے بھرپور تلقین کی گئی ہے۔

اب تک 1 کروڑ پانچ لاکھ بچوں کے بے فارم سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ والدین کی جانب سے جمع کرائے جانے والے بے فارموں کی تصدیق نادرا سے کروائی جائے گی۔ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ بچوں کو سکولوں میں واپس لانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، ای اے اوز، ہیڈ ٹیچرز اور سکول کونسلز کی مدد سے لوگوں کو سماجی طور پر متحرک کیا ہے۔        صوبائی وزیرنے بتایا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سکولوں میں سہولیات کی کمی کو پورے کرنے کے لئے”میرا سکول پروگرام“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔مخیر افراد، این جی اوز،و دیگر ادارے سرکاری سکولوں کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہے۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو”میرا سکول پروگرام“ کے تحت ٹھیک کیا جا سکے گا۔ ”میرا سکول پروگرام“ ان کے لئے اچھا موقع ہے جو ملکی تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔ ”میرا سکول پروگرام“ کے تحت سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کمپیوٹر و سائنس لیبز، ایک وقت کا کھانا یا کسی دیگر مد میں معاونت فراہم کی جا سکتی ہے۔ یہ کام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کے تحت کیا جائے گا اور فرد یا ادارے سے مالی امداد نہیں لی جائے گی۔

صوبائی وزیرڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نومبر 2020 میں نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کے سسٹم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اب تک 50 ہزار سے زائد نجی سکول آن لائن رجسٹریشن کی درخواستیں دے چکے ہیں اور نجی اداروں میں زیر تعلیم 62 لاکھ طلبا اور ساڑھے تین لاکھ اساتذہ کی تفصیلات سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ آن لائن رجسٹریشن سے لوگوں کا محکمہ تعلیم پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ صوبائی وزیرڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کیا جاررہا ہے تاکہ شعبہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کر کے طالب علموں کو عالمی معیار کی تعلیم مہیا کی جاسکے۔