صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی سے نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے صوبائی عہدیداران کی ملاقات

ایسوسی ایشن کے اراکین نے صوبائی وزیر زراعت کو بتایا کہ پنجاب میں نمبرداروں کی مجموعی تعداد 38589 ہے اور ہم پنجاب میں نمبرداری نظام کی مضبوطی چاہتے ہیں

صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی سے نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے صوبائی عہدیداران کی ملاقات

لاہور،: صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی سے آج نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے صوبائی عہدیداران کے 11رکنی وفد نے منسٹرز بلاک لاہور میں ملاقات کی۔ایسوسی ایشن کے اراکین نے صوبائی وزیر زراعت کو بتایا کہ پنجاب میں نمبرداروں کی مجموعی تعداد 38589 ہے اور ہم پنجاب میں نمبرداری نظام کی مضبوطی چاہتے ہیں۔وفد نے صوبائی وزیر کو نمبرداری گرانٹ،نمبرداروں کی تقرریوں سے متعلقہ عدالتوں میں چلنے والے مقدمات کے جلد از جلد فیصلوں،پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے ای بیلنگ(آبیانہ بل)کے سسٹم کیخاتمہ،ضلع اور تحصیل کی سطح پر نمبرداروں کے لیے دفاتر آلاٹ کرنے، نمبردار کی وفات کے بعد اسکے گھر کے افراد کو نوکری پر رکھنے کے نمبر 30سے بڑھا کر 50نمبر کرنے جیسے مطالبات پیش کیے۔  

اس موقع پر صوبائی وزیر سید حسین کہانیاں گردیزی نے بطور صدر نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے ان مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی اور نمبر داروں کی شکایات کے ازالے کے لیے پیر سید حسنین شاہ بخاری اور محمد علی جوئیا پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔