امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں،یہ بات انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیا کمیٹی کی قیادت سے نیویارک میں بذریعہ وڈیو لنک ملاقات کے دوران کہی۔ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں مصروفیات کے دوران ہوا ایشیائی،پسیفک اور عدم پھیلاوسے متعلق ذیلی کمیٹی کے سربراہ کانگریس مین ایمی بیرا اور اعلی رکن سٹیون شابٹ کے ساتھ رابطہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں،یہ شراکت داری دونوں ممالک کے دوطرفہ اور علاقائی پہلووں سے مشترکہ مفادات کے فروغ کا باعث ہوگی۔وزیر خارجہ نے علاقائی روابط کے فروغ کے لئے دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔وزیرخارجہ نے افغانستان کے پرامن، سیاسی تصفیہ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ افغانستان میں امن، تمام افغان فریقین اور کلیدی عالمی سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اراکین کانگریس ایمی بیرا اور سٹیون شابٹ نے حالات سے آگاہی دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ کانگریس اراکین نے علاقائی امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی گراں قدر کاوشوں کوسراہا ۔اراکین کانگریس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے قیام میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا.