وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ اور کابینہ امور کے وزیرمملکت شیخ احمد ناصر المحمد الاحمد الجابر الصباح سے فلسطین کے معاملے پرملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کویت کے وزیر خارجہ اور کابینہ امور کے وزیرمملکت شیخ احمد ناصر المحمد الاحمد الجابر الصباح سے فلسطین کے معاملے پرملاقات

اسلام آباد :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو کویت کے وزیر خارجہ اور کابینہ امور کے وزیرمملکت شیخ احمد ناصر المحمد الاحمد الجابر الصباح سے فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے موقع پرملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائ خارجہ نے فلسطین کے عوام پر اسرائیلی جارحیت سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے 250 سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں جن میں 60 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ پاکستان کی پوزیشن اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ القدس الشریف دارالحکومت، 1967 سے قبل کی سرحدوں، متحد وجود کی حامل قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل سے ہی مشرق وسطی میں امن کا حصول ممکن ہے۔

دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر اشتراک عمل بڑھانے اور فوڈ سکیورٹی، زراعت، پولٹری، لائیوسٹاک، سیاحت اور تیل کی تلاش سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی زیادہ ترجیح دیتا ہے جو مشترکہ اقدار اور مختلف شعبہ جات میں یکساں مفادات کی گہری بنیادوں پر استوار ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قیادت کی سطح پر مسلسل رابطے بہترین دوطرفہ تعلقات کو مہمیز دیتے اور باہمی تعاون کو مزید گہرا کرتے ہیں